ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کرناٹک واقعہ کو 2019انتخابات میں دہرائے گی : یشونت سنہا

بی جے پی کرناٹک واقعہ کو 2019انتخابات میں دہرائے گی : یشونت سنہا

Fri, 18 May 2018 12:24:09    S.O. News Service

نئی دہلی17 مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نئی دہلی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق سینئر لیڈر یشونت سنہا نے کرناٹک میں ’ جمہوریت کی تباہی‘ کی کوشش کرنے والی بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے آج کہاکہ حکمراں پارٹی 2019کے لوک سبھا انتخابات میں کرناٹک واقعہ کو دہرائے گی۔

سابق وزیر خزانہ مسٹر سنہا نے حال ہی میں بی جے پی چھوڑ دی تھی اور مرکز کی نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جم کر تشہیر کی تھی۔

مسٹر سنہا نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ آج کرناٹک میں جوہورہا ہے وہ ایک مشق ہے اور اسے 2019میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد دہلی میں دہرایا جائے گا۔

انہوں نے پارٹی چھوڑنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے بہت ہی خوشی ہے کہ میں نے یہ پارٹی چھوڑ دی ہے جو نہایت بے شرمی کے ساتھ کرناٹک میں جمہوریت کو تباہ کررہی ہے۔ آئندہ برس لوک سبھا انتخابات میں اگر بی جے پی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تو وہ اسی واقعہ کو دہرائے گی۔ برائے مہربانی اس وارننگ کو نوٹ کیا جائے۔

خیال رہے کہ کرناٹک کے گورنر وجوبھائی والا کے بی جے پی لیڈر اور ریاست کے سابق وزیراعلی بی ایس یدی یورپا کو حکومت بنانے کی دعوت دینے کے معاملہ پر مسٹر سنہا نے یہ ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ریاست میں 224اسمبلی حلقوں کے اعلان شدہ نتائج میں بی جے پی کو 104 سیٹیں اور کانگریس اور جنتادل (ایس) اتحاد کو 117سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔

انہوں نے آج صبح ہی وزیراعلی کے عہدہ کا حلف لیا اور گورنر نے مسٹر یدی یورپا کو ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے پندرہ دنوں کا وقت دیا ہے۔


Share: